(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ کھیل کے سیاست میں مکس ہونے کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کی تباہی کی۔
عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل اور سیاست دو مختلف چیزیں ہیں، کھیل سیاست میں مکس ہونے کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کی تباہی کی۔
انہوں نے کہا کہ فٹبال ٹیم کی طرح کرکٹ ٹیم کو بھی ورلڈکپ میچ کھیلنے بھارت جانا چاہیے، بابراعظم، ویرات کوہلی سے بڑا پلیئر ہے، بابر کی گیم بہت بہتر ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا یہ حق ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں سے ملے۔ انہون نے کہا کہ ماضی میں چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف پروگرام کو خراب کرنے میں اپنا کردار ادا کیا، خط لکھوائےگئے کہ معاہدہ نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے دور میں چار وزیر خزانہ تبدیل کیے، آئی ایم ایف کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، آئی ایم ایف کا 9 ماہ کا سٹینڈ بائی ایگریمنٹ ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ معاہدے سے روپیہ مستحکم ہورہا ہے، ڈالرگر رہا ہے، سٹاک ایکسچینج میں تیزی آرہی ہے، معاہدے سے ہمیں دوست ممالک سے بھی مزید امداد ملنےمیں مدد ملےگی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ توشہ خانہ کا فیصلہ آیا ہے، دائرہ اختیار کو مانا گیا ہے۔