(لاہور نیوز) ضلعی عدلیہ میں نئے بھرتی ہونیوالے جوڈیشل افسران کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد نے جوڈیشل افسران سے حلف لیا۔
20 ایڈیشنل سیشن ججز اور 26 سول ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے شرکا سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا کہ حلف نامہ جج اور اللہ کے درمیان خاص رابطہ قائم کرتا ہے۔ یہ حلف نہ صرف جج بلکہ اسکے گھر والوں اور عزیزواقارب پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ جج اپنے عزیزواقارب کو حدود سے تجاوز نہ کرنے دیں۔ انہیں سیدھا انکار کریں کہ انہیں آپ کے عدالتی معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں۔
فاضل چیف جسٹس نے کہا ہم خوش قسمت لوگ ہیں کہ ہمیں اللہ نے اس اہم منصب کے لئے چنا ہے۔ اس منصب پر بیٹھا ہر شخص ہر وقت اللہ تعالیٰ کا خوف محسوس کرتا ہے۔ ججز بغیر کسی دنیاوی خوف و خطر کے میرٹ پر انصاف کریں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا اپنے ہر فیصلے پر ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں۔ روزِ محشر پر ایمان رکھنے والا کوئی بھی جج غلط فیصلہ نہیں کر سکتا۔