(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل سکیورٹی ہسپتال فیروز پور روڈ کا دورہ کیا، محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں سے طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈیوٹی ڈاکٹر اور سٹاف کو مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں، محسن نقوی نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کے لئے پوری ٹیم کو متحرک کردیا ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں بھی ہیلتھ کیئرکی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری ا قدامات اٹھائے جائیں گے۔
