(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکاء اشرف کی زیر صدارت ہونے والے پہلے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران نے ذکا اشرف کے ساتھ مل کر کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، نئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی تعیناتی کرکٹ کے لیے بہتر فیصلہ ثابت ہوگا۔
اس موقع پر چیف فنانس آفیسر نے اسٹیڈیمز کی تعمیرنو، ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سمیت اہم امور پر چیئرمین کو بریفنگ کو دی۔
ذکاء اشرف نے مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، انکے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، میری خواہش تھی کہ اختلافات نہیں ہونے چاہئیں، ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے، ہم نے نجم سیٹھی کو پیغام بھی بھجوایا تھا اعجاز بٹ کو ابھی اچھی طرح سے رخصت کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ، ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے، بین الاقوامی محاذ پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، کوشش ہوگی عالمی سطح پر پاکستان کرکٹ کو اسکا جائز حق دلوائیں۔
چیئرمین میجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے بورڈ کے معاملات میں شفافیت لانے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
ذکاء اشرف نے سلمان نصیر کو ہدایت دی کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ آڈٹ کیلئے جو چیزیں مانگ رہی ہے اس کو فراہم کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد، میرپور اور حیدرآباد اسٹیڈیمز کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ اسٹیڈیمز میں ہاسپیٹیلٹیز باکسز کو اپ گریڈ کریں گے، کرکٹ شائقین کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی اور کوشش ہوگی بورڈ کی آمدن میں مزید اضافہ ہو۔
مینجمنٹ کمیٹی نے ذکاء اشرف، سلمان نصیر اور فیصل حسنین کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے فیصلے کی توثیق کردی۔