(ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل اور قومی کرکٹر وہاب ریاض نے گزشتہ روز گاڑی چلاتے ہوئے شہریوں پر پانی اڑائے جانے کے عمل پر عوام سے معافی مانگ لی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کل جو کچھ ہوا اس پر مجھے افسوس ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سکے کے ہمیشہ دو رخ ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم ہمیشہ صرف غلط رخ کو ہی دیکھتے ہیں۔ کل جو ہوا وہ مکمل طور پر غیر ارادی تھا جسے غلط طریقے سے سمجھا گیا۔
قومی کرکٹر نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ‘ ہمیشہ مثبت سوچ پھیلانے کی کوشش کریں اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے اپنے اس خوبصورت ملک کو بدنام نہ کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وہاب ریاض کی لاہور کی سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں انکی گاڑی سے سڑک پر موجود موٹر سائیکل سواروں پر پانی اڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔
وہاب ریاض کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔