(لاہور نیوز) محکمہ فشریز پنجاب کے زیر اہتمام ڈینگی کے کنٹرول اور حفاظتی اقدامات پر ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ ہوئی۔
ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام فشریز ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مناواں میں کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات نے خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایکوا کلچر فشریز پنجاب ڈاکٹر محمد عابد، چیف کنزرویٹر فارسٹ لاہور صفدر حسین خُدائی، ڈائریکٹر ہیچریز مینجمنٹ پنجاب صائمہ صادق میر اور ڈائریکٹر فشریز ایڈمن پنجاب افتخار احمد اور دیگر کی شرکت ہوئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر سکندر حیات کا کہنا تھا محکمہ فشریز ڈینگی لاروے کو بیالوجیکل طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ کھڑے پانی میں ڈینگی لاروا کھانے والی بچہ مچھلی چھوڑی جا رہی ہیں۔ ڈینگی لاروے کو کنٹرول کرنے کے لئے ساکن پانیوں میں کسی کیمیائی مادے کا استعمال نہیں کیا گیا۔
ڈی جی فشریز پنجاب نے کہا روزانہ کی بنیاد پر پنجاب بھر کے ساکن پانیوں کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ ہاؤس کیپنگ سمیت صفائی کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ غفلت برتنے والے افسروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔