(ویب ڈیسک) کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت مسترد ہو گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس سے لڑائی جھگڑا اور کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری نہیں ڈالی گئی، اس لیے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکتا۔
تفتیشی افسر کے مطابق پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت قبل از وقت ہے، لہٰذا مسترد کی جائے، عدالت نے پولیس کے اعتراض پر درخواست ضمانت کے نا قابل سماعت ہونے پر اسے خارج کر دیا۔
واضح رہے کہ پرویز الہٰی کے خلاف لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے، مقدمے کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے کے موقع پر پولیس پر حملہ کیا گیا تھا اور قانونی کارروائی سے روکا گیا تھا۔