(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے سے متعلق درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے قائد ن لیگ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے سے متعلق شہری اظہرعباس کی درخواست پر سماعت کی ، وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھا دیا۔
حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ نوازشریف وفاقی حکومت کی اجازت سے بیرون ملک گئے، درخواست گزار کلین ہینڈ سے عدالت نہیں آیا۔ درخواست گزارمتعلقہ فورم سے رجوع کرے۔
عدالت نے درخواستگزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کوبیرون ملک گئے ساڑھے3 سال ہوگئے، کیا آپ نے اس دوران وفاقی حکومت سے رجوع کیا؟ آپ کو اس وقت کے وزیراعظم کو درخواست دینی چاہیے تھی۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست پرسماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔
واضح رہے درخواست گزار کیجانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کو اقامہ میں سپریم کورٹ نے نااہل کردیا، میڈیکل گراؤنڈ پر نوازشریف کوعلاج کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دیدی گئی، شہبازشریف نے بیان حلفی دیاکہ نوازشریف علاج کے بعدوطن واپس آجائیں گے مگر شہبازشریف اپنے دیے گئے بیان حلفی کی پاسداری کرنے میں ناکام رہے۔
درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نواز شریف کے ضامن شہبازشریف جھوٹا بیان حلفی دے کرآرٹیکل62،63 کے مطابق اہل نہیں رہے، عدالت معاملہ کی تحقیقات کے لیے جےآئی ٹی بنانے کا حکم دے۔