(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخابات روکنے کا حکم امتناعی واپس لے لیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخابات روکنے کا حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے کیس جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں مقرر کرنے کی سفارش کر دی۔جسٹس انوار حسین نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کے مقدمے کی سماعت کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی طرز کی درخواستیں جسٹس شاہد کریم کے پاس زیرِ سماعت ہیں، اس درخواست کو بھی ان کے پاس سماعت کے لیے بھجوا دیا جائے۔
سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ جسٹس شاہد کریم نے اس قسم کی درخواست پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا، حکم امتناعی کو واپس لیا جائے۔
درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل مس ندا کفیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا، پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلےآنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔