(ویب ڈیسک) جامن اپنے کیمیائی خواص کے ساتھ بہت سے طبی فوائد بھی رکھتا ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان میں بہت اچھے معیار کا نامیاتی جامن دستیاب ہے۔
جامن دو قسم کے ہوتے ہیں ایک کی رنگت پر جامنی رنگ غالب ہوتا ہے اور گودا سفید ہوتا ہے اور دوسرا سیاہ جامن ہے جس کا گودا اندر سے بنفشی رنگ کا ہوتا ہے، جامن اور اس کے پتے کئی ایک بیماریوں میں انتہائی مفید پائے گئے ہیں۔
جامن معدے اور آنتوں کی بیماریوں میں ایک مفید غذا ہے،اس میں موجود وٹامن اے اور وٹامن سی مجموعی طور پر آنتوں کی حرکات اور دیگر کیفیات کو بہتر بناتے ہیں، یہ معدے کی گیس اور قبض میں بھی مفید ہے۔
جامن وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، جامن میں ریشوں (فائبر) کی غیرمعمولی مقدار پائی جاتی ہے اور کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں، اگر اسے اپنی غذا میں شامل کر لیا جائے تو وزن میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
سیاہ جامن کھانے سے پیاس کم لگتی ہے اور یہ خون میں شکر کی مقدار قابو میں رکھتا ہے، حکماء اس کی گٹھلی اور پتوں کو ذیابیطس کے علاج میں تجویز کرتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر اجزاء سے بھرپور جامن سینے کی رطوبت کم کرتا ہے، اسے کھانے سے سانس کی نالیاں صاف ہوتی ہیں اور سانس کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے،جامن کھانے سے کولیسٹرول میں کمی واقع ہوتی ہے اور بلڈ پریشر بھی معمول پر رہتا ہے۔