(ویب ڈیسک) نگران وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے صحت کارڈ پر کارڈیالوجی کی سہولیات ختم کرنے کی خبر کی تردید کردی۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کے ذریعے کارڈیالوجی کی سہولیات بلاتعطل جاری رہیں گی، حکومت پنجاب انشورنس کمپنی کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے جارہی ہے، عوام کوصحت کارڈ کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید بہتری لارہے ہیں۔
وزیرصحت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ صحت کارڈ بند کررہے ہیں نہ ہی کارڈیالوجی کی سہولیات کو محدود کررہے ہیں بلکہ صحت کارڈ کے ثمرات اصل حق داروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پنجاب کے نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر امراض قلب کا علاج معطل ہوگیا ہے جس کے باعث نجی ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کو اسٹنٹس سمیت ہارٹ سرجریز کی سہولیات غیرمعینہ مدت تک بند کردی گئی ہیں۔
انشورنس کمپنی کیجانب سے کہا گیا تھا کہ یکم جولائی سے نجی ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کا صحت کارڈ پرعلاج نہیں ہو گا۔