(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عید الاضحٰی کے ایام میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پر صفائی انتظامات کے حوالے سے صوبائی وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ کمپنیوں، لوکل گورنمنٹ، سپیشل برانچ کے افسران اور سٹاف کی کارکردگی قابل تحسین رہی، صوبائی وزراء نے "عید صفائی آپریشن" کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا ۔
محسن نقوی نے کہا صفائی کے بہترین انتظامات پر صوبائی وزراء اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں، صفائی کے شاندار انتظامات کر کے سالڈ ویسٹ کمپنیاں، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے شہریوں کی توقعات پر پورا اترے ہیں، صفائی انتظامات کے حوالے سے تعاون پر شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی قابل تعریف رہی، اسی جذبے، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے اپنے شہروں کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کا کام تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہے۔