(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کی اجازت کیلئے حکومت کو خط لکھ دیا۔
ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے توسط سے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا ہے، بورڈ نے چند روز قبل بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر خط لکھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے ورلڈ کپ میں شرکت پر رہنمائی کیلئے حکومت کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ بھارت میں ہو رہا ہے اس حوالے سے بتایا جائے کہ شرکت کرنی ہے یا نہیں؟ کس کس مقام پر کھیلنا ہے اس حوالے سے بھی ہدایت جاری کی جائے۔
پی سی بی نے خط کے ساتھ تمام وینیوز کی فہرست بھی حکومت کو ارسال کی ہے اور کہا ہے کہ روانگی کے فیصلے سے قبل اگر وفد بھارت بھیجنا ہے تو اس کا بھی فیصلہ کر لیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے خط وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو بھی بھیجا ہے۔