(لاہور نیوز) عیدالاضحٰی کے موقع پر کتنا گوشت کھانا چاہیے طبی ماہرین نے اس حوالے سے خبردار کردیا، طبی ماہرین کے مطابق کولیسٹرول، یورک ایسڈ، گردوں، معدہ، جگر، شوگر، بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔
میڈیسن اینڈ کارڈیک سپیشلسٹ ڈاکٹر حیدر علی کا کہنا ہے کہ بیمار افراد 70 گرام سے زیادہ گوشت نہ کھائیں، صحت مندافراد 100 گرام تک گوشت کھائیں، گردوں اورجگر کے مریض بد احتیاطی کرنے سے غنودگی میں جا سکتے ہیں، کولیسٹرول، شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض نمک اور مصالحہ جات کا کم استعمال کریں۔
ڈاکٹرحیدر علی کا مزید کہنا تھا کہ عید الاضحٰی پر ہسپتالوں میں بسیارخوری سے ہمیشہ رش بڑھ جاتا ہے، ڈائریا، ہیضہ اور معدہ جگر کے سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوتے ہیں، گلے میں ہڈی پھنسنے کے مریض بھی سامنے آتے ہیں،گوشت کو اچھی طرح پکا کر استعمال کیا جائے، گوشت کیساتھ ساتھ سلاد، دہی اور پھل کا بھی استعمال کیا جائے۔