(لاہور نیوز) لاہوریے بسیار خوری سے بازی نہ آئے، عید کے ایام میں کھانے پر بے دریغ ہاتھ صاف کرنے والے دو ہزار کے قریب شہری ہسپتال پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق عید الاضحی کے پہلے 2 دن میں سیکڑوں مریض گیسٹرو، ڈائریا کے ساتھ ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے، ہسپتالوں کی ایمرجنسیز معدے کی انفیکشن اور ڈائریا کے مریضوں کے ساتھ بھر گئیں، پہلے 2 روز میں شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں دو ہزار کے قریب مریض رپورٹ ہوئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ میؤ ہسپتال میں 650 سے زائد مریض گیسٹرو، ڈائریا اور پیٹ درد کے ساتھ آئے، سروسز ہسپتال میں 600 کے قریب گیسٹرو کے مریض آئے جن میں 250 مریض بچے شامل ہیں، جناح ہسپتال میں تقریباً 4 سو جبکہ جنرل ہسپتال میں 100 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
اسی طرح گنگارام اور میاں منشی ہسپتال میں بھی 200 کے قریب مریض رپورٹ ہوئے، میڈیکل سٹورز پر بھی سیکڑوں مریضوں نے سیلف میڈیکیشن لی۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر بسیارخوری سے معدے کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، معدے و جگر کے مریض جلدی عیدالاضحیٰ کا گوشت کھانے سے متاثر ہوتے ہیں۔
طبی ماہرین نے تجویز دی ہے کہ عید کا گوشت سبزیوں کے ساتھ کھائیں، 100 گرام سے زیادہ گوشت نہ کھائیں، دہی، لیموں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔