ملک و قوم کی ترقی، اجتماعی فلاح و بہبود کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا: صادق سنجرانی
(ویب ڈیسک) قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
اپنے پیغام میں چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال روایت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی، قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔
قائمقام صدر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجہ میں وجود میں آیا، ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے یکجان ہونا چاہئے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا چاہئے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں، عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں، میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عیدالاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔