(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ بوڑھے افرادوٹامن سپلیمنٹ کے استعمال سے اپنی دماغی صلاحیت میں بہتری لاسکتے ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق ماہرین کی جانب سے تحقیق کیلئے 60 سال اور اس سے زائد عمر کے حامل ہزاروں افراد کا جائزہ لیاگیا،ہزاروں لوگوں کو2 گروپوں میں بانٹا گیا تھا، جن میں سے ایک گروپ کو کئی قسم کے وٹامن دیے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو فرضی دوا (پلے سیبو) کھلائی گئی۔ 3 سال 2 ماہ بعد اسٹڈی کا اختتام ہوا تو معلوم ہوا کہ جن افراد نے ملٹی وٹامن سپلیمنٹ باقاعدگی سے لیے دیگر کے مقابلے میں ان کا حافظہ بہتررہا اور دیگر دماغی سرگرمیاں بھی بہتر رہیں۔ یہاں تک کہ بڑھاپے میں دماغی انحطاط میں بھی کمی دیکھی گئی۔
سائنسدانوں کا اصرار ہے کہ اتنے عرصے تک ملٹی وٹامن استعمال کرنے سے بزرگوں کا دماغ عمر کے مقابلے میں تین سال زیادہ جوان رہا۔ شماریاتی لحاظ سے ملٹی وٹامن کا مسلسل استعمال بزرگوں میں اکتسابی زوال کو 60 فیصد تک کم کرسکتا ہے۔