(لاہور نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے سادہ پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے اور کاربونیٹڈ مشروبات سے پرہیز کیا جائے، شہری دن کے گرم ترین اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر ضروری ہو تو تیز دھوپ میں سر ڈھانپ کر باہر نکلیں۔
اس صورتحال میں بیماروں، بزرگوں اور بچوں کے علاوہ پالتو جانوروں کا خاص خیال رکھا جائے، شدید گرمی کے اثرات سے بچائو کے لئے نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے لیموں پانی اور او آر ایس کا استعمال کیا جائے اور ہلکے اور نرم کپڑے پہنے جائیں، گرمی میں اگر کوئی بیہوش ہو جائے تو سر پر ٹھنڈا پانی ڈالا جائے۔
مزید برآں این ڈی ایم اے نے شدید گرمی کی لہر کے باعث برفانی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے کا بھی امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہیں۔