(ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کے 50 دن اور آئی ایم ایف کے فیصلے کو 8 دن رہ گئے ہیں، پاکستان میں کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں عدم استحکام نہیں، معیشت تباہ، ریاست بدحال، سیاست کا برا حال ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ 2 کروڑ لوگ بے روزگار، 10 کروڑ خطہ غربت کی لکیر سے نیچے اور ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، دیکھتے ہیں شہباز شریف فرانس سے آئی ایم ایف کو منوا کر آتے ہیں یا منہ لٹکا کے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک وینٹی لیٹر پر ہے جب انڈسٹری نہیں چلے گی تو روزگار نہیں ملے گا اور بیروزگار بھوک کے مارے سمندروں میں ڈوب کے مریں گے، یہ کہتے تھے ہم آئیں گے تو دودھ شہد کی نہریں بہہ جائیں گی لیکن انہوں نے مہنگائی، بیروزگاری کا طوفان کھڑا کر دیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈار کہتا تھا ڈالر 200 کا کروں گا اب آئی ایم ایف کیلئے امریکہ برطانیہ کے سفیروں کے پاؤں میں پڑا ہے، جو 50 سال سے یہاں سرمایہ کاری کر رہے تھے وہ بھی اپنےشیئر بیچ کر جا رہے ہیں جب پاکستانی ہی سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو آئین و قانون کی تضحیک کی موجودگی میں کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وه حکمران بنا دیئے گئے جن کو جیلوں میں ہونا چاہیے تھا وہ غیرملکی دوروں پر ہیں، پولیس گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کر رہی ہے، چادر اور چاردیواری کو رسوا کر رہی ہے، اتنی ملک میں گندم نہیں کاٹی جا رہی جتنی پولیس جھوٹی ایف آئی آر کاٹ رہی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے کیسوں کا جمعہ بازار اور کرپشن کا انبار لگا ہے جس کو چاہتے ہیں اٹھا لیتے ہیں ایک کیس میں ضمانت ہونے پر دوسری ریڈی میٹ ایف آئی آر جیل کے دروازے پر منتظر ہوتی ہے۔