(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آباد پراجیکٹ چند روز میں مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں تاخیر کے اسباب فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے ہدایت کی کہ سمن آباد پراجیکٹ کو عوام کی سہولت کیلئے جلد ازجلد فعال کیا جائے۔
اجلاس میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے،سی بی ڈی مین بلیوارڈ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، مین بلیو وارڈ گلبرگ تا والٹن سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ کے تکنیکی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نواز شریف انٹر چینج انڈرپاس، ارفع کریم ٹاور تا پائن ایونیو پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا، گھوڑا چوک، خالد بٹ چوک اور اکبر چوک منصوبوں پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے لاہور میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کے لئے ان منصوبوں کے منتظمین کو ہدایت کی کہ کام کی بروقت تکمیل میں حائل مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔