محسن نقوی کا بینظیر بھٹو شہید ہسپتال راولپنڈی کا دورہ، مریضوں سے نامناسب رویہ پر اظہاربرہمی
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ کے سامنے مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو مریضوں اور لواحقین نے شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف وارڈز کے اے سی بند ہیں، ایکسرے ، دیگر ٹیسٹ اور چیک اپ کے لئے مریضوں کو کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا اوربعض ڈاکٹرز بھی غائب رہتے ہیں، ہسپتال میں مریض خوارہو رہے ہیں، ہسپتال کے عملے کی مٹھی گرم کرنے پر ہر کام فوری ہو جاتا ہے، ادویات کی قلت ہے، مریض باہر سے ادویات منگوانے پر مجبور ہیں، راہداریوں میں سٹریچرز پر مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی خراب صورتحال پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز اور عملے کی جانب سے مریضوں کے ساتھ نامناسب رویہ پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ جس ہسپتال میں بھی جاتا ہوں، یہی حالات نظر آتے ہیں، معیاری اور فوری طبی سہولتیں ملنا مریضوں کا حق ہے۔