(لاہور نیوز) محکمہ خوراک پنجاب نے فلورملز کیلئے سرکاری گندم کے کوٹے کا اجراء بند کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا، آئندہ مالی سال میں گندم کی نیلامی کی جائے گی۔
محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے نئی گندم کوٹہ کے اجراء کی پالیسی ختم کر کے گندم نیلامی کی تجویز تیار کرلی گئی ہے، فلور ملز اور چکی مالکان نیلامی میں حصہ لے سکیں گے، محکمہ خوراک 40 لاکھ ٹن گندم کو اوپن مارکیٹ کی قیمت کے مطابق نیلام کرے گا، گندم نیلامی سے محکمہ اپنے سارے قرضے اتار سکے گا۔
دوسری جانب فلورملز ایسوسی ایشن نے سرکاری گندم کی نیلامی کی تجویز مسترد کردی، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ مہنگے داموں گندم بیچنے کی تجویز بڑے بحران کو جنم دینے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
ادھر سیکرٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو کا کہنا ہے کہ فلور ملز کی تجویزکو مسترد کرنے کی کوئی حیثیت نہیں، فوڈ سٹف ایکٹ کے قانون میں ترمیم کروا کر رہوں گا۔