18 Jun 2023
(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد، لاہور موٹر وے پر پیش آنے والے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کلر کہار پر بس حادثے کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں پر دلی طور پر رنجیدہ ہوں، سالٹ رینج پر حادثات کا تواتر کے ساتھ ہونا پریشان کن ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ موٹروے حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ موٹر وے پر چلنے والی گاڑیاں سفر کے قابل ہوں اور ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کے تمام معیارات پر پورے اترتے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کر کے ہی سفر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، میری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس دردناک حادثے میں اُن سے بچھڑ گئے۔