(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ سفارتکار اکنامک ڈپلومیسی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے 43 ویں سپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس کے شرکاء نے ڈائریکٹر پروگرام فارن سروس اکیڈمی فوزیہ فیاض احمد کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، وفد میں فارن سروس اکیڈمی میں زیر تربیت افسران شامل تھے، اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ٹو گورنر عمر سعید بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ نے مختلف ممالک میں پاکستان کے لیے خدمات سر انجام دینی ہیں، بطور سفارتکار سفارت خانوں میں پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا اور پبلک سروس ڈیلیوری آپ کی ترجیح ہونی چاہیے، سفارتکار اکنامک ڈپلومیسی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا اکنامک ڈپلومیسی کے ذریعے ملک کی تجارت اور برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کا استعمال اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے، جو افسران اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیتے ہیں وہ عزت اور شہرت کماتے ہیں ۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ زندگی آپ کو دوراہے پر لائے گی، جہاں آپ کو ایک راستہ منتخب کرنا ہو گا، اس وقت آپ کو مشکل کے باوجود صحیح راستے کا انتخاب کرنا ہے، صحیح راستہ کٹھن ضرور ہوتا ہے لیکن دائمی کامیابی اسی میں ہے۔