پنجاب حکومت کا تاریخی عمارات کا کنٹرول والڈ سٹی لاہور کے سپرد کرنے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی تاریخی و قدیم ثقافتی عمارتوں کا کنٹرول والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تاریخی عمارتوں خصوصاً شیرانوالہ باغ میں سمادھی، گجرات کے رام پیاری محل، گوجرانوالہ کی حویلی کی بحالی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے، چیف سیکرٹری،کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنرز گجرات و گوجرانوالہ اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی عمارتوں اور حویلیوں کی بحالی کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ تاریخی عمارتوں کے راستوں کی صفائی اور ثقافتی سجاوٹ کی جائے گی، محسن نقوی نے لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں تاریخی عمارتو ں کے اردگرد تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخی عمارات ثقافتی ورثہ ہیں انہیں اصل حالت میں بحال کریں گے، پنجاب کا ثقافتی کلچر انتہائی دلکش اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو تاریخی عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کا ٹاسک دے دیا ہے۔