(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر آذربائیجان پہنچ گئے۔
باکو ایئرپورٹ پہنچنے پر آذربائیجان کے نائب وزیر اعظم یگوب ایوبوف، نائب وزیر خارجہ النور ممدوف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی خصوصی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف، نوید قمر، مصدق ملک، طارق فاطمی اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔
شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر بات چیت کریں گے، دونوں رہنما کثیرالجہتی فورمز میں باہمی تعاون کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کے تبادلے سے مضبوط ہوتے ہیں، قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو اجاگر کرتے ہیں۔