(لاہور نیوز) جہانگیر ترین کی زیر قیادت بننے والی استحکام پاکستان پارٹی نے انتخابات میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کر لیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ استحکام پارٹی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے گی، اجلاس میں ضلعی سطح پر فوری تنظیم سازی شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، صوبوں میں بھی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کا فیصلہ ہوا۔
عبدالعلیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کو دیکھتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں، قوم کا ساتھ امید سے عمل تک دیں گے، ملک میں سیاسی استحکام کے لیے کام کر رہے ہیں۔
اجلاس میں پارٹی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، عون چودھری، فردوس عاشق اعوان، مراد راس، سعید اکبر نوانی، شعیب صدیقی، سید سعید الحسن شاہ ، نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ نے شرکت کی۔