مسلم ٹاؤن: کراچی بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر جماعت اسلامی کا احتجاج
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر میئر کراچی کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کی مبینہ دھاندلی کیخلاف فیروز پور روڈ لاہور پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، امیر لاہور ضیا اللہ انصاری نے مظاہرے کی قیادت کی۔
امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام کراچی میئر کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کی مبینہ دھاندلیوں اور الیکشن نتائج تبدیل کرنے کیخلاف فیروز پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا اللہ انصاری سمیت دیگر عہدیداران عبدالعزیز عابد ،جبران بن سلمان ،عامر نثار اور دیگر نے شرکت کی ۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا اللہ انصاری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے تاریخ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا، جماعت اسلامی کو دوبارہ اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی کراچی میں زبردستی اپنا میئر منتخب کروانا چاہتی ہے۔
جماعت اسلامی لاہور کے دیگر عہیداروں نے کہا کہ حافظ نعیم ہی کراچی کے میئر منتخب ہوں گے، کراچی کی حکومت بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرنا اور چھیننا چاہ رہی ہے، سندھ حکومت غیر آئینی اقدامات سے باز رہے۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک کارکنوں نے سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کیخلاف شدید نعرے بازی کی، احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔