(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی، بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے۔
ن لیگ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خالص کشمیری ہیں کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا موجود ہیں۔مریم نواز نے کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہدا کو سب کا سلام، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام، شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں کا احترام نہیں کریں گے، شہدا کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا، شہدا کے مجسموں کو توڑنے والا پاکستانی نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی غصے میں ہو کوئی پاکستانی املاک کو آگ لگانے کی جرأت نہیں کر سکتا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا پورا آزاد کشمیر شرمندہ ہے، شہدا کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، وہ چھپ کر بنکرمیں بیٹھا ہے، عوام اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ یہ شخص ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا بھی کر کے آیا تھا، قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب موٹر وے پر سفرکرتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے؟ آزاد کشمیرمیں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیز دیکھتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے، 75 برسوں میں نوازشریف کے 9 سال نکال دو تو کچھ نظرنہیں آتا، گھیراؤ جلاؤ، فتنہ بازی کی سیاست سے کون یاد آتا ہے، جب کسی کے پاس کارکردگی نہ ہو ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں، جس کو مسلط کیا گیا آج وہ جماعت کہاں گئی؟ جہاں سے جماعت آئی وہیں واپس چلی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم اس کیخلاف گواہی دے رہا ہے، نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی، نوازشریف کے کئی دشمن آئے اور گئے، مشرف دور سے یہی کچھ دیکھ رہےہیں، اللہ تعالیٰ نواز شریف کو بار بار لے کر آتا ہے۔