(لاہور نیوز ) وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ سے پٹرولیم مصنوعات کی خریداری سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا جس کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور ریفائنریاں عالمی مارکیٹ کی بجائے پاکستانی پورٹس پر خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات خرید سکیں گی۔
عالمی بینکوں کے رویے اور زرمبادلہ کی کمی کے پیش نظرنئی پالیسی تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت اب زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی جبکہ ملکی کرنسی میں بھی پٹرولیم مصنوعات خریدی جاسکیں گی۔
حکام کے مطابق غیرملکی آئل سپلائرکمپنیاں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات پاکستانی پورٹس پر بانڈڈ سٹوریج میں رکھیں گی اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹم بانڈڈ وئیر ہاوس پالیسی کی سمری ای سی سی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
حکام نے بتایا کہ نئی پالیسی سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پربینک چارجز اور دیگر اخراجات ختم ہوجائیں گے اور ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں سستے دام پر تیل مل سکے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ غیر ملکی آئل سپلائرز شیڈولڈ بینکوں میں صرف ایل سی کھلنے پر پٹرولیم مصنوعات ریلیز کردیں گے،عالمی مارکیٹ سے پٹرولیم مصنوعات خریدنے کیلئے ایل سی کی غیرملکی بینکس کی کنفرمیشن کے بعد پراڈکٹ ریلیز ہوتی تھی، بانڈڈ سٹوریج کی سہولت سے پاکستان کی سٹریٹیجک آئل سٹوریج ممکن ہوجائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سٹریٹیجک آئل سٹوریج موجود نہیں ہے۔