(ویب ڈیسک) پاکستان کی تاریخ کا پہلا رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ لاہور میں 28 مارچ سے شروع ہو گا۔ قومی کپتان بابراعظم، شاداب خان سمیت کئی انٹرنیشنل کھلاڑی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔
ڈائریکٹر کرکٹ اور ڈائریکٹر آپریشنز غنی انسٹیٹیوٹ آف کرکٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ 28 مارچ سے 4 اپریل تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ہر ٹیم میں دو قومی کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے ۔ بابر اعظم ، شاداب خان ، اعظم خان، احسان اللہ، عثمان قادر، عمر اکمل سمیت کئی کھلاڑی شرکت کریں گے۔
ڈائریکٹر آپریشنز کرنل ریٹائرڈ سلیم ڈار کا کہنا تھا کہ رمضان ٹورنامنٹ کروانے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کی 52 لاکھ روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ جیتنے والی ٹیم کو 25 لاکھ اور رنز اپ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ مین آف دی میچ، بیسٹ بولر، بیسٹ بیٹر آف دی ٹورنامنٹ کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔