شالامار باغ کو تجرباتی طور پر رات میں روشنیوں سے سجانے کے منصوبے پر عمل شروع

(لاہور نیوز) لاہور میں نائٹ ٹورازم کا جادو سبھی کو اپنے سحر میں جکڑنے لگا ہے۔ لاہور کے تاریخی شالامار باغ کو تجرباتی طور پر رات کے اوقات میں روشنیوں سے سجانے کے منصوبے پر عمل شروع کر دیا گیا۔
وہ بھی کیا دور ہوتا ہو گا جب شالامار باغ رات کے اوقات میں مشعلوں کی روشنیوں سے جگمگاتا ہو گا ۔ شہزادے اور شہزادیاں یہاں سیر کرتی اور مختلف تفریحات سے دل بہلاتی ہوں گی ۔ ظاہر ہے وہ وقت اب واپس تو نہیں آسکتا لیکن اب اُس دور کی کچھ جھلکیاں دیکھنا ضرور ممکن ہوگیا ہے۔
لاہور میں نائٹ ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے شالامار باغ کو ایک ماہ کے دوران دومرتبہ رات کے اوقات میں روشنیوں سے سجانے کے منصوبے پر عمل شروع کیا گیا ہے تو تاریخ کے مختلف ادوار کو اُجاگر کرتی ہوئی سرگرمیاں بھی منصوبے کاحصہ ہیں۔
کوئی شک نہیں کہ مغل شہنشاہ ،شاہ جہاں کے حکم پر 1642ءمیں تعمیر ہونے والے شالامار باغ میں یہ سب کچھ دیکھنا کسی شاندارتجربے سے کم نہیں ہے۔
اُمید رکھی جانی چاہیے کہ یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔