(لاہور نیوز) عوامی سواری بھی اب لگنے لگی بھاری، موٹر سائیکل کے سپئیر پارٹس کی قیمتوں میں پچاس سے سو فیصد اضافہ ہو گیا۔ شہری تو ہیں پریشان، سپئیر پارٹس کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے بھی سر پکڑ لئے ہیں۔
موٹر سائیکل کے سپئیر پارٹس بھی عوام کی دسترس سے باہر ہونے لگے۔ موٹر سائیکلوں میں سب سے عام 70سی سی کا 600 روپے والا چین گراری سیٹ عوام کو کر رہا ہے اپ سیٹ، ریٹ 900روپے ہو گیا۔ 450 کارنگ پسٹن 650 روپے کا ہو گیا۔ مہنگائی کو تو بریک نہ لگی بریک شو کی قیمت 100 روپے سے 150روپے پر جا پہنچی۔ جو ہیڈ لائٹ اور بریک لائٹ سو، سو روپے میں مل جاتی تھی اب 200 روپے کی ہو گئی۔ 800 روپے والے ٹائر ٹیوب 1300 روپے سے کم نہیں مل رہے۔ انڈیکیٹر، ریفلکٹر، گیئر لیور سمیت دیگر چھوٹے موٹے پارٹس کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔
شہریوں کی چیخیں نکل گئی ہیں کہتے ہیں اب موٹر سائیکل عوامی سواری نہیں رہی۔ یہی حال رہا تو نہ جانے کیا ہو گا۔
دوسری جانب تاجر بھی کچھ کم پریشان نہیں۔ بولے ریٹس جس طرح بڑھ رہے ہیں کاروبار کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔ حکومت سے کاروباری سیکٹر کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔
ایک ہفتہ قبل ہی پٹرول مہنگا ہوا اور اب سپئیر پارٹس کے نئے ریٹس نے عوام کی جان نکال دی ہے۔