(ویب ڈیسک)آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے تاہم بھارتی کپتان ویرات کوہلی نویں نمبر پر فائز ہو گئے ۔بھارت بمقابلہ سری لنکا سیریز کے اختتام پر جاری تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کی سرفہرست پوزیشن برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے آرون فنچ دوسرے ، انگلینڈ کے ڈیوڈ مالان تیسرے ،نیوزی لینڈ کے کالن منرو چوتھے اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔عمدہ کھیل کی بدولت بھارت کے لوکیش راہول چھٹی جبکہ ان کے کپتان ویرات کوہلی ایک درجے ترقی کے بعد نویں اور شیکھر دھون بھی ایک سیڑھی چڑھ کر پندرہویں پوزیشن پر فائز ہو گئے ۔
بھارت کے منیش پانڈے نے چار درجے بہتری سے 70 ویں پوزیشن یقینی بنائی تاہم سری لنکن آل راؤنڈر دھنن جایا ڈی سلوا نے 72 درجے لمبی چھلانگ کے بعد 115ویں اور اسپنر لکشن سنداکن نے 39 ویں سے 29 ویں نمبر پر قبضہ جما لیا۔بالرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے اسپنرز راشد خان اور مجیب الرحمن کا ابتدائی دو پوزیشنوں پر قبضہ ہے لیکن پاکستان کے عماد وسیم چوتھے اور شاداب خان آٹھویں نمبر کی بدولت ٹاپ ٹین میں موجود ہیں۔ بالنگ کے شعبے میں نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر کی تیسری اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا کی پانچویں پوزیشن ہے ۔آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے محمد نبی سرفہرست پوزیشن پر ہیں ۔ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا پر ایک پوائنٹ کی برتری سے پاکستان کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
