(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں تھا، بھارت نے ایسی کارروائی کی جس کی 72 سال میں مثال نہیں ملتی۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جولائی میں بھارت اپنی فورسز کشمیر میں بھیج رہا تھا لیکن ہماری حکومت سو رہی تھی۔ حکومت پاکستانی قوم کو بتائے کہ بھارت کو ایسے اقدام کی جرات کیوں ہوئی؟
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے اتحاد کو بھارت نہیں، اپنی حکومت نے توڑا۔ حکومت کو انتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں مل رہی تھی کہ کشمیر کا مقدمہ لڑتی۔ حکومت کو بھارت کا مکروہ چہرے عالمی دنیا کو بتانا چاہیے تھا لیکن اس نے کشمیر کے مقدمے کو مضبوطی کیساتھ نہیں لڑا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے وفد کی سربراہی آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو دی جائے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں۔ اس کے علاوہ اسلامی سربراہی کانفرنس (او ائی سی) کا پاکستان میں غیر معمولی اجلاس بلایا جائے۔