(لاہور نیوز) ٹی ڈی سی پی نے لاہور سائیٹ سیئنگ بس سروس کے کرایوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت نئے کرایوں کا نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بھی اس اقدام کی ایک بڑی وجہ قرار دی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے سیاحوں اور شہریوں کو براہ راست ریلیف ملے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور بس سروس کے پرانے کرائے فوری طور پر بحال کر دیئے گئے ہیں اور تمام متعلقہ پلیٹ فارمز پر کرایوں کی اپڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ اقدام منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی کی منظوری سے جاری کئے گئے سرکلر کے تحت کیا گیا، جس میں کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کے واضح احکامات دیئے گئے ہیں۔
سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، کیونکہ مناسب کرایوں سے زیادہ افراد اس سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔
