(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے باعث ہفتہ وار مہنگائی میں تقریباً 2 فیصد کا بڑا اضافہ ہو گیا۔
مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح 12.15 فیصد کے ڈبل ہندسوں میں پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کو ٹاپ گیئر لگا دیا، گزشتہ ہفتے میں مہنگائی تقریباً 2 فیصد بڑھ کر دوبارہ 2 ہندسوں تک جا پہنچی، سالانہ بنیاد پر مہنگائی 12.15 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں ڈیزل 54.71 فیصد ، پٹرول 18 فیصد اور ایل پی جی 8.61 فیصد مہنگی ہوئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر 9.35 فیصد اور آلو 4.13 فیصد تک مہنگے ہوئے، پیاز 3.84 فیصد اور انڈوں کے دام 3.77 فیصد بڑھ گئے ، جبکہ بیف ، مٹن اور بریڈ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیاد پر پیاز کے نرخ 38 فیصد تک بڑھ گئے، ایک سال میں گندم کا آٹا 30 فیصد سے زائد مہنگا، سرخ مرچ کی قیمت میں 15.20 فیصد ، مٹن 15 فیصد ، بیف 14 فیصد اور خشک دودھ کے بھاؤ میں 10.23 فیصد اضافہ ہوا، سالانہ بنیاد پر ڈیزل 101فیصد اور پٹرول 49 فیصد مہنگا ہو چکا ہے، ایل پی جی کی قیمتیں 66 فیصد اور گیس چارجز 30 فیصد تک بڑھے۔
