(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے رات گئے ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کرایوں میں فوری کمی لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے نئے کرایوں کی لسٹ جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے جبکہ اس حوالے سے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق کرایوں میں 25 فیصد تک کمی متوقع ہے اور تمام آرٹی ایز کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری آرٹی لاہور رانا محسن مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے رابطے میں ہیں تاکہ کرایوں میں فوری کمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں اور حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور مزید ریلیف کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مشکل حالات میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہترین فیصلے کیے ہیں، اور آئندہ بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ کرایوں میں مزید کمی لائی جائے گی۔
