ہرتحصیل کے ترقیاتی منصوبوں کی لائیو مانیٹرنگ، مریم نواز نے ہفتہ وار رپورٹس مانگ لیں
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران پراجیکٹ گیلری میں ہر تحصیل میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تصاویری جائزہ پیش کیا گیا جبکہ لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام پراجیکٹس کی مالی اور عملی پیشرفت بھی دیکھی گئی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ ہر شہر میں جاری منصوبوں پر باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے مثالی گاؤں پراجیکٹس کی پیشرفت جانچنے کے لیے بھی ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت 51 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ڈی سلٹنگ مشینیں، 46 سیکشن مشینیں، 45 جیٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹس فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ کنٹینرز اور کوڑے کرکٹ کے ڈرم کو مستقل صاف رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ ایچ ڈی پی ای پائپ لائننگ پلانٹ کی تنصیب کی جا رہی ہے جس پر 20 اپریل سے کام شروع ہوگا، جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی ایسا پلانٹ قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں پانچ سال میں بھی اتنے منصوبے مکمل نہیں ہو سکے جتنے موجودہ حکومت نے دو سال میں مکمل کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واسا پراجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل کے بعد شہروں کی خوبصورتی پر بھرپور توجہ دی جائے۔
