(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں کمی کر دی گئی۔
ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، ذرائع کے مطابق مسافر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے ابھی تک کرایوں میں کمی کا کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، تاہم اس کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے خود ہی کرایے کم کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 40 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جبکہ منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے اپنے کرایوں میں 25 فیصد کمی کر دی ہے۔
مزید برآں، کرایوں میں مزید کمی کے حوالے سے غور و خوض کیلئے آج محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ لائحہ عمل طے کئے جانے کا امکان ہے۔
