(لاہور نیوز) نیشنل ہائی وے و موٹرویز پولیس سنٹرل ریجن نے بارش کے دوران سفر کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورانِ سفر رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور ہیڈلائٹس کا درست استعمال کریں۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق مختلف موٹرویز اور قومی شاہرات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم ابر آلود ہو گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-2 پر لاہور، کالا شاہ کاکو، کوٹ مومن سے دریائے چناب تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم-3 پر فیض پور، شرق پور سے ننکانہ صاحب تک بارش جاری ہے جبکہ موٹروے ایم-11 پر کامونکی سے سمبڑیال تک مختلف مقامات پر بارش ہو رہی ہے۔
علاوہ ازیں موٹروے ایم-4 پر ملتان سے عبدالحکیم تک بارش کی اطلاع ہے۔ سنٹرل زون کے سیکٹر 1 میں ٹھوکر نیاز بیگ، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ سے چیچہ وطنی تک بارش ہو رہی ہے جبکہ قومی شاہراہ کے سیکٹر 2 میں میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور بھی بارش کی لپیٹ میں ہیں۔ سیکٹر 3 میں احمد پور شرقیہ اور ترنڈہ محمد پناہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس کے پیش نظر شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ سفر رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور ہیڈلائٹس کا درست استعمال کریں۔ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جائے۔
