حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم قیمتیں کم کر دی جائینگی، وزرا کی اتحادیوں کو یقین دہانی
(لاہور نیوز) حکومتی وزرا کی جانب سے اتحادیوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ خطے میں حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے اجلاس پر بیان جاری کر دیا، اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سمیت دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔
طارق فضل چودھری نے بتایا کہ وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم نے پارلیمانی رہنماؤں کو موجودہ صورتحال سے متعلق بریف کیا، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت کی پالیسیز پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر پارلیمانی امور نے بتایا کہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے مزید اقدامات پر غور کیا گیا اور اتحادیوں کو بتایا گیا کہ حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔
