(ویب ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس پر نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے وسطی و جنوبی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں، بشمول کوئٹہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
