(ویب ڈیسک) ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں پر مشتمل سروسز سیکٹر کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران سروسز سیکٹر کی برآمدات میں 18.38 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برآمدات کا حجم بڑھ کر 6 ارب 46 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم 5 ارب 46 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹیلی کام، کمپیوٹر اور آئی ٹی سروسز کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 49 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں، اسی طرح دیگر بزنس سروسز کی برآمدات کا حجم 1 ارب 37 کروڑ ڈالر رہا۔
مزید برآں، ٹرانسپورٹ سروسز کی برآمدات 64 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جبکہ ٹریول سروسز کی برآمدات 64 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
تاہم سروسز سیکٹر کے تجارتی خسارے میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 3 فیصد بڑھ کر 2 ارب 14 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
