(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
سرکاری نرخ برقرار ہونے کے باوجود عملی طور پر قیمتوں میں فرق دیکھنے میں آ رہا ہے، برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 595 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ صافی گوشت شہریوں کو 660 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
زندہ برائلر کے نرخوں میں بھی استحکام نہیں آ سکا، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 383 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم سپلائی 415 روپے فی کلو تک کی جا رہی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 397 روپے فی کلو جبکہ پرچون بازار میں 411 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، فی درجن انڈوں کی قیمت 2 روپے اضافے کے بعد 232 روپے مقرر ہو گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 6 ہزار 840 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس غیر یقینی صورتحال نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نرخوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
