حنا پرویز بٹ کی میو ہسپتال آمد، شوہر کے ہاتھوں جھلسنے والی بیوی اور بیٹیوں کی عیادت
(ویب ڈیسک) وقت پر کھانا نہ ملنے پر شوہر کے ہاتھوں آگ لگانے کے واقعہ میں جھلسنے والی بیوی اور بیٹیاں میو ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کے ساتھ اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ خواتین اور بچیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
حنا پرویز بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا سفاک شخص کسی رعایت کا مستحق نہیں اور اس کے خلاف قانون پوری قوت سے کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کرنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا جہاں مبینہ طور پر شوہر نے وقت پر کھانا نہ ملنے پر اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو آگ لگا دی تھی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ ماں اور بچیوں کو فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
