(لاہور نیوز) صوبائی حکومت نے ٹول پلازوں کے نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر کے تمام مینول ٹول پلازوں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں محکمہ ہائی وے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور ٹول پلازوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا، حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 41 ٹول پلازوں کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ٹول ٹیکس کی وصولی میں شفافیت کو یقینی بنانا، اوورچارجنگ کا خاتمہ اور کرپشن کی روک تھام ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ٹول پلازوں پر کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور شکایات کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں، تمام ٹول پلازوں پر ایم ٹیگ کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو غیر ضروری تاخیر سے نجات ملے گی، حکومت ٹول پلازوں کے انفراسٹرکچر کو بھی جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
