(لاہور نیوز) حکومت نے حج پروازوں کی منسوخی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی صورتحال کے باوجود حج 2026 کے انتظامات کو شیڈول کے مطابق حتمی شکل دی جا رہی ہے، عازمینِ حج کے ویزوں کا اجراء تیزی سے جاری ہے جبکہ حج پروازوں کا شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ عازمین حج کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش اور دیگر ضروری سہولتوں کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے، اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے حکام نے عازمینِ حج کو ہدایت کی کہ وہ حج سے متعلق کسی بھی مستند معلومات کے لیے ‘پاک حج ایپ’ یا وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کریں، کسی بھی غیر مستند ذرائع سے آنے والی خبر یا سوشل میڈیا پر زیر گردش افواہوں پر یقین کرنے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے رواں برس حج کوٹے کی تقسیم میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں، حج پالیسی 2026 کے تحت سرکاری حج سکیم کا کوٹہ بڑھا کر 70 فیصد جبکہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین تھا، جو سرکاری اور نجی شعبوں میں برابر تقسیم کیا گیا تھا تاہم گزشتہ برس بدانتظامی کے باعث 67 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہے تھے۔
حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی پالیسی کا مقصد سرکاری سکیم کے تحت عازمین کے لیے شفافیت، بہتر نگرانی اور آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
