(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
صوبائی دارالحکومت میں علی الصبح بادل جم کر برسے، لاہور میں شملہ پہاڑی، مال روڈ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، سول سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ، چوبرجی اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے، بارش کے بعد صبح سویرے لاہور میں ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے دن بھر وقفے وقفے کے ساتھ بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بارش کے بعد لاہور میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو بھی ریورس گیئر لگ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 15 جبکہ زیادہ سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد تک جا پہنچا ہے، اس وقت 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں حاصل پور، سرگودھا، بہاولنگر، عارف والا، دنیا پور، سانگلہ ہل میں بھی بادل برسے، منچن آباد، فیصل آباد، قصور اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
بارش کے بعد کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
