افغان طالبان کا پاکستانی پوسٹ پر قبضے اور نقصانات کا دعویٰ بے بنیاد ہے: وزارت اطلاعات
(لاہور نیوز) وزارتِ اطلاعات ونشریات نے کہا ہےکہ نام نہاد افغان طالبان حکومت کی وزارتِ دفاع کی جانب سے کسی چوکی پر قبضہ کرنے اور مبینہ نقصانات کے حالیہ دعوے حسبِ سابق جھوٹے، من گھڑت اور افغان عوام کی اندرونی رائے کو گمراہ کرنے کے لیے گھڑے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ جو بدقسمتی سے ان دہشت گرد سرپرستوں کے ہاتھوں براہِ راست مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، ماسٹر پراکسی افغان طالبان اور ان کی توسیع فتنہ الخوارج کو پہنچنے والے نقصانات اور خساروں کے بارے میں وزارتِ اطلاعات و نشریات باقاعدگی سے تازہ معلومات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ممکن ہو، متعلقہ ویڈیو اور تصویری شواہد بھی میڈیا کے ساتھ شیئر کیے جاتے ہیں، بجائے اس کے کہ جعلی دعووں اور پروپیگنڈے کا سہارا لیا جائے۔ افغان طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں کے اندر دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے کے خلاف جاری ہدفی کارروائیوں کے بارے میں معتبر اور بروقت معلومات فراہم کرنے میں بھرپور احتیاط برتی جا رہی ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ اس کے برعکس، دہشت گردوں اور بھارتی میڈیا / سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے علاوہ، طالبان ذرائع کی جانب سے کیے گئے اِن بار بار کے بے بنیاد دعووں کا کوئی معتبر اور قابلِ تصدیق ثبوت موجود نہیں ہے، درحقیقت، فیکٹ چیک کے بعد یہ دعوے ہمیشہ غلط ثابت ہوئے ہیں۔
